Tuesday, 2 October 2012

عمران کے دورۂ وزیرستان پر طالبان نے فیصلہ کر لیا

کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان نے کہا ہے کہ عمران خان کے دورۂ وزیرستان کے حوالے سے حتمی فیصلہ کر لیاگیا ہے تاہم اس کا اعلان ریلی سے ایک دن پہلے کیا جائے گا۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان احسان اللہ احسان نے  میڈیا کو بتایا کہ سنیچر کو تحریک کی مرکزی شوریٰ کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں تحریک کے مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کے دورے کے حوالے سے اپنا فیصلہ کر لیا گیا ہے تاہم اس کا اعلان وزیرستان جانے والی ریلی سے ایک دن پہلے کیا جائےگا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ مقررہ وقت سے پہلے یہ نہیں بتا سکتے کہ ان کا فیصلہ عمران خان کے ریلی کے حق میں ہے یا ان کی مخالفت میں البتہ یہ بات واضح ہے کہ ریلی کے حوالے سے طالبان کا ایک فیصلہ ہوچکا ہے۔اس بیان سے پہلے کچھ عرصہ پہلے تحریک طالبان پاکستان نے عمران خان پر الزام لگایا تھا کہ عمران خان نے خود کو ’لبرل‘ کہہ کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ امریکہ اور یورپ کے غلام ہیں۔ طالبان نے کہا تھا کہ وہ عمران کی پالیسی سے مطمئن نہیں ہیں۔یاد رہے کہ سنہ دو ہزار نو میں تحریکِ طالبان کے خلاف فوجی کارروائی کے بعد محسود قبائل کا علاقہ تقریباً خالی ہوگیا تھا لیکن گزشتہ دو سالوں کےدوران متاثرین کی واپسی کے بعد ٹانک کے قریب جنوبی وزیرستان کے سپنکئی، راغزئی، چگملائی، کوٹ کائی اور بروند کے علاقے دوبارہ آباد ہوگئے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ دوبارہ آباد ہونے والے علاقوں میں مکمل طور پرامن قائم ہوچکا ہے جہاں گزشتہ ایک عرصے سے شدت پسندی کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا ہے لیکن یہ علاقہ بہت محدود اور چندگاؤں پر مشتمل ہے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اب وزیرستان کے دورے کے لیے ان علاقوں میں سے ایک علاقہ کوٹ کائی کا انتخاب کیا ہےاور وہ سات اکتوبر کو ڈیرہ اسماعیل خان سے کوٹ کائی کے لیے ایک ریلی کی صورت میں روانہ ہوں گے۔

https://www.facebook.com/UnitedPeopleOfPakistan

No comments:

Post a Comment