Saturday, 6 October 2012

عمران خان کی ریلی کوقبائلی علاقوں میں داخل نہیں ہونےدیں گے۔پولیٹیکل ایجنٹ


پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے زیر انتظام مارچ کو قبائلی علاقوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ شاہد اللہ خان نے یہ بات ٹانک میں  میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں تحریک انصاف کو مطلع کردیا گیا ہے۔یاد رہے کہ تحریک انصاف نے پاکستانی حدود میں امریکی جاسوس طیاروں یعنی ڈرون حملوں کے خلاف قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں سات اکتوبر کو جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی ترجمان نعیم الحق نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہ ہے کہ ان کی اس ریلی کا مقصد امن ہے اور وہ کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں حکومت کی جانب سے کسی مقام پر روکا گیا تو وہ وہیں جلسہ کریں گے۔نعیم الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے حفاظتی نقطہ نظر سے سوچ بچار کر کے جنوبی وزیرستان جانے کا فیصلہ کیا۔ ان کے بقول جنوبی وزیرستان اتنا خطرناک علاقہ نہیں ہے جتنا کہ شمالی وزیرستان ہے اور انہوں نے حکومت کو اپنے منصوبے کے بارے میں پہلے سے مطلع کر رکھا ہے۔ان کا کہنا تھا ’کراچی سمیت پورے پاکستان میں جس قسم کے واقعات ہوتے رہے ہیں اس لحاظ سے جنوبی وزیرستان ان سے زیادہ خطرناک علاقہ نہیں ہے۔نعیم الحق نے بتایا کے وزیرستان کے محسود قبائل سمیت دوسرے قبائل نے ان کے جلوس کو تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی ریلی کو ضلع ٹانک میں بھی داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلی کو ڈیرہ اسماعیل خان ہی میں روک دیا جائے گا۔دوسری جانب حکام مقامی افراد کو تین روز سے کوٹکئی کے علاقے میں داخل ہونے نہیں دے رہے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی ریلی میں غیر ملکیوں کی شمولیت اور مجمعے کی بڑی تعداد ہونے کے باعث شرکاء کو قبائلی علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔اس کے علاوہ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس ریلی پر حملے کا بھی خدشہ ہے۔یاد رہے کہ تحریک انصاف کے جلسے کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان ، ٹانک اور کوٹکئی میں انتظامات کیے جا رہے ہیں۔پی ٹی آئی کے مطابق ریلی میں شرکت کے لیے پشاور سے بڑی ریلی سنیچر کی صبح ڈیرہ اسماعیل خان کے لیے روانہ ہوگی۔ تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کا پہلا پڑاؤ خیبر پختونخوا کا ضلع ڈیرہ اسماعیل خان ہوگا جہاں علی فارم میں ایک کیمپ بنایا گیا ہے۔اسلام آباد سے عمران خان کی قیادت میں ریلی سنیچر کی صبح روانہ ہوگی جبکہ پشاور اور دیگر شہروں سے بھی ریلیاں سنیچر کی صبح سے روانہ شروع ہو جائیں گی اور یہ سلسلہ رات تک جاری رہے گا۔ڈیرہ اسماعیل خان میں تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈہ پور نے بتایا کہ سنیچر کو شام کے وقت ڈیرہ ٹانک روڈ پر ہتھالہ کے مقام پر عمران خان ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور مختلف قبائلی کے افراد سے خطاب کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح ہتھالہ سے اتوار کی صبح وزیرستان کے لیے ریلی روانہ ہو گی لیکن راستے میں ٹانک میں بھی پڑاؤ ہے جہاں مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔ان سے جب پوچھا کہ کیا حکومت وزیرستان میں جلسہ منعقد کرنے کی اجازت دے دے گی تو ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیرستان ضرور جائیں گے تاکہ دنیا کو دکھا سکیں کہ یہاں قبائل اور لوگ پر امن ہیں اور ڈرون حملے غیر انسانی اور غیر قانونی ہیں جنہیں بند ہونا چاہیے۔

https://www.facebook.com/UnitedPeopleOfPakistan 

No comments:

Post a Comment